چترال :وادی آرکاری میں سڑک سے برف ہٹاتے ایکسکیویٹرالٹ گیا، آپریٹر جاں بحق

چترال،باغی ٹی وی (گل حماد فاروقی کی رپورٹ)وادی آرکاری میں سڑک سے برف ہٹاتے ایکسکیویٹرالٹ گیا، آپریٹر جاں بحق، جاں بحق ہونے والا اپریٹر بوڑھے والدین سمیت پورے خاندان کا واحد کفیل تھا، متاثرہ خاندان نے حکومت سے امداد کی اپیل کی ہے۔

امیر ولد غلام شاہ جو ایک نجی ایکسکیویٹر کا آپریٹر تھا آرکاری کی سڑک سے برف ہٹانے کی غرض سے سڑک پر جارہا تھا ،دوران کام ایکسکیویٹرکے اچانک پھسل جانے سے بمقام شور آرکاری وہ مشین الٹ گئی،جس کے نیچے آکرآپریٹر امیر موقع پر جاں بحق ہو گیا۔جاں بحق ہونے والا اپریٹر بوڑھے والدین سمیت پورے خاندان کا واحد کفیل تھا، اسکے فوت ہونے کی وجہ سے خاندان شدید متاثر ہو چکا ہے۔

سابق ناظم یونین کونسل شغور عبدالمجید نے ہمارے نمائندے کو فون پر بتایا کہ اس کی درخواست پر ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال سے کہا تھا کہ وادی آرکاری کی سڑک سے برف ہٹائی جائے تاکہ لوگوں کو آنے جانے میں آسانی ہو۔ اس دوران ایکسکیویٹر مشین اچانک الٹ گئی اور نوجوان آپریٹرامیر اس کے نیچے آکر جاں بحق ہوگیا۔

عبدالمجید کا کہنا ہے کہ امیر کا والد غلام شاہ جو ایک بیمار آدمی ہے اب اس کیلئے دوائی لانے والا بھی کوئی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور شدید برف باری کے باعث وادی آرکاری بری طرح متاثر ہوئی تھی ،وہاں جانے والے تمام راستے بند تھے۔ خواتین، بچوں، بوڑھوں اور طلباء و طالبات کو سکول، کالج جانے یا لوگوں کو ہسپتال جانے میں نہایت مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وادی میں راستے بند ہونے کی وجہ سے اشیائے خوردنوش کی بھی شدید قلت پیدا ہوئی ہے اور وہاں کے لوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں جو حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

عبدالمجید نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مرحوم امیر کے خاندان کے ساتھ مالی مددکریں اور وادی آرکاری کا راستہ جلد سے جلد کھولنے کے ساتھ ساتھ وہاں امدادی سامان بھی پہنچایا جائے تاکہ لوگ فاقہ کشی بچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں ہسپتال نہ ہونے کی وجہ سے اکثر مریض چترال ہسپتال آنے کی کوشش کرتے ہیں مگر راستے بند ہونے کی وجہ سے یہ لوگ ان برفانی تودوں کے اوپر پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں جوبہت ہی خطرناک ہے.

Leave a reply