اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)محرم الحرام میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، دکانداروں کی لوٹ مارجاری، غریب متوسط طبقے کے افراد بھاؤ پوچھنے تک ہی محدود، پرائس کنٹرول کمیٹی نے چپ سادھ لی، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے نوٹس لینے کا مطالبہ،
پرائس کنٹرول کمیٹی کی مبینہ غفلت کی وجہ سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ ہونے سے غریب اور متوسط طبقہ کے افراد صرف بھاؤ پوچھنے تک ہی محدود ہو کر رہ گئے ہیں، اوچ شریف کی سبزی منڈی میں کم ناپ تول معمول بن چکا ہے،سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کے لئے سبزی و فروٹ منڈی میں متعدد بااثر گروہ سرگرم عمل ہیں ان میں ملوث کارروباری افراد کے خلاف مارکیٹ کمیٹی کسی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے،
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی حکومت منڈیوں میں اپنے مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد کروانے میں بالکل ناکام ہو چکی ہے پرائس کنٹرول کمیٹی کے ذمہ داران بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے کی بجائے دیہی و شہری علاقوں میں قائم چھوٹے دکانداروں کو وقتاً فوقتاً جرمانے کرکے سب اچھا ہے کی رپورٹ اعلیٰ افسران کو بجھوا دیتے ہیں جو کہ غریب دکانداروں کے ساتھ سراسر زیادتی و ظلم ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ ضلعی حکومت نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لئے منڈیوں میں چھاپے مارکر بڑے مگر مچھوں اور ناجائزمنافع خوروں کو پکڑے تاکہ منڈیوں میں سبزی و پھل مناسب داموں پر فروخت ہو سکیں
دکانداروں کو منڈی سے مارکیٹ کمیٹی کے مقرر کردہ نرخوں پر پھل اور سبزیاں دستیاب ہو ں تاکہ صارفین کو ارزاں نرخوں پر سبزی و پھل کی فراہمی ممکن ہو سکے، آڑھتیوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کی انتظامیہ طلب و رسد کو مدنظر رکھتے ہوئے سبزی و پھلوں کے نرخ مقرر نہیں کرتی اور ہمیں مجبوری کے تحت اپنے حساب سے سبزی و پھل فروخت کرنے پڑتے ہیں، اگر مارکیٹ کمیٹی کی انتظامیہ اس سلسلہ میں دلچسپی لے تو شہریوں کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔