سیالکوٹ،کندھ کوٹ ،ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی نمائندگان)پورے ملک میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج یوم استحصال منایاگیا
سیالکوٹ سے سٹی رپورٹرشاہدریاض کی رپورٹ کے مطابق یوم استحصال کشمیر ، کشمیر بنے گا پاکستان۔ ریسکیورز نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی میں شرکت کی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ ریلی و جلوس میں۔ریسکیورز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اظہار یکجہتی کی ریلی کے دوران ریسکیورز نے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریلی میں شمولیت کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے اور انشا اللہ جلد مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاضبانہ قبضہ ختم ہو گا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
کندھ کوسے نامہ نگار مختیاراعوان کی رپورٹ کے مطابق ضلع کشمور کندھ کوٹ میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں شریک لوگوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور بھارت کی کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف نعرے لگائے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی اور دیگر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، بھارت کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،
اقوام متحدہ کو کشمیریوں کے ظلم کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ ضلع کشمور اور کندھ کوٹ کی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ متحد ہو کر ثابت کر دیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت کا استعمال کرنے دیں اور کشمیریوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
آخر میں اقوام متحدہ سے مشترکہ طور پر درخواست کی گئی کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ بند کروائیں-
ڈیرہ غازیخان سے نامہ نگار شہزاد خان خی رپورٹ کے مطابق ڈی جی خان آرٹس کونسل میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر ،آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان ،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈی پی او حسن افضل ،صدر بار قیصر عباس خٹک،ممبر صوبائی علماء بورڈ مولانا محمد خان لغاری، محکموں کے افسران و ملازمین،وکلاء،تاجر صحافی برادری،علمائے کرام،
سول سوسائٹی سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینارمیں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی طرف سے کشمیریوں کے حقوق کے حوالے سے قراداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ طلبا وطالبات نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملی نغمے پیش کئے۔کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے بارے ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں کی آزادی جدوجہد کو اجاگر کرنا ہے۔ایک کروڑ سے زائد کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ ملنا عالمی قوتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔کشمیریوں پر مظالم سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کی آواز ہر فورم تک پہنچائی جائیگی۔
ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم استحصال پر کشمیری شہداء کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بحثیت قوم عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم سب ایک ہیں۔ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ 5اگست2019کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر کو پامال کیا۔ڈیرہ غازیخان کی غیور عوام کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں۔کشمیر معاملے پر ہم متحد ہیں،بھارتیوں کے کالے کرتوتوں کو بےنقاب بےحد ضروری ہے۔کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا احساس پوری دنیا میں اجاگر ہورہا ہے۔
ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ کشمیر واحد ریاست ہے جہاں دہشتگردی کی سرپرستی خود بھارتی حکومت کررہی ہے۔کشمیری اراضی کو بھارتی شہری خرید سکتے ہیں یہ حق تلفی نہیں ہونے دی جائیگی ۔صدر بار قیصر عباس خٹک نے کہا کہ پاکستانی قوم دل وجان سے کشمیریوں کے ساتھ ہے۔وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی چھین کر پاکستان سے الحاق کریں گے۔ممبر صوبائی علماء بورڈ مولانا محمد خان لغاری،حافظ احمد حسن اور دیگر نے کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔سیمینار میں کشمیریوں کی آزادی اور ملکی سالمیت کیلئے دعا بھی کی گئی۔ کمپیئرنگ کے فرائض محبوب حسین جھنگوی نے انجام دیئے۔