بلوچستان کے ضلع مستونگ کے نواحی علاقے اسپیزنٹ میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے باعث جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

محکمہ صحت بلوچستان اور سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق زخمی ہونے والے تین افراد کو سول ہسپتال ٹراما سینٹر جبکہ ایک زخمی بچے کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ریلوے کوئٹہ ڈویژن کے پبلک ریلیشنز آفیسر محمد کاشف نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد سے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پشاور سے کوئٹہ آنے والی ٹرین کی 6 بوگیاں الٹ گئیں۔ ٹرین میں 270 مسافر سوار تھے۔ دھماکے کے بعد ریلیف ٹرین کوئٹہ سے روانہ کر دی گئی جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے افسران، ریسکیو ٹرک اور کرینیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی مرمت اور بوگیوں کو ہٹانے کا کام دن کی روشنی میں شروع کیا جائے گا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسی مقام کے قریب ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔ اس سے قبل سبی میں جعفر ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچی تھی جبکہ جولائی میں کوئٹہ۔سبی ریلوے سیکشن اور سندھ کے سکھر میں بھی اسی نوعیت کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

گھوٹکی: پانی کے تنازع پر جھگڑا، ایک نوجوان زخمی

Shares: