خیبرپختونخوا میں دھماکوں یک زیر تعمیر عمارت اور ایک رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا جبکہ دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
خیبرپختونخوا کے شہروں بنوں اور کوہاٹ میں دھماکوں کے دو علیحدہ علیحدہ واقعات پیش آئے،بنوں کے تھانہ ککی کی حدود میں واقع نیکم ککی کے علاقے میں ریسکیو 1122 کے زیر تعمیر دفتر کو شدت پسندوں نے نشانہ بنایا پولیس کے مطابق شرپسندوں نے عمارت میں نصب بارودی مواد کے ذریعے دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا، واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل کے گاؤں آخورال میں زوڑ آخور ٹیوب ویل کے قریب ایک گھر میں پراسرار دھماکہ ہوا،ریسکیو ذرائع کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، دھماکے سے مکان کو شدید نقصان پہنچا جبکہ اس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔








