گوجرانوالہ: والد کے ہاتھوں بچوں کی ہلاکت، زہر دینے کا انکشاف،ملزم گرفتار
گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) والد کے ہاتھوں بچوں کی ہلاکت، زہر دینے کا انکشاف،ملزم گرفتار
تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں پیش آنے والے دو کم عمر بچوں کی پراسرار موت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر مضر صحت کھانا کھانے سے بچوں کی ہلاکت کا گمان کیا گیا تھا تاہم فارنزک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بچوں کو زہر دیا گیا تھا، جس کے بعد بچوں کے والد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 23 جون کو پیش آیا جب ایک خاتون کو تین بچوں سمیت شدید خراب طبیعت کے باعث ہسپتال لایا گیا تھا۔ شوہر نے پولیس کو بتایا کہ بچوں کی طبیعت گھر میں رکھے کھانے کے بعد خراب ہوئی۔ افسوسناک طور پر علاج کے دوران تین سالہ بچہ اور چھ ماہ کی بچی جان کی بازی ہار گئے جبکہ خاتون اور اس کا دو سالہ بیٹا بچ گئے۔
خاتون جو پیشے سے سکول ٹیچر ہیں نے واقعے کے بعد اپنے شوہر پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس میں درخواست دی تھی۔ درخواست کے بعد جاں بحق بچوں کی قبر کشائی کی گئی اور ان کے نمونے فارنزک تجزیے کے لیے بھیجے گئے۔
فارنزک رپورٹ کے مطابق بچوں کے کھانے میں زہر ملایا گیا تھا جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔ رپورٹ کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچوں کے والد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم جو کہ ایک نجی کالج میں پروفیسر ہے سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے آ سکیں۔
اس دلخراش واقعے نے پورے علاقے میں غم اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ حقائق کا مکمل طور پر تعین کیا جا سکے۔