میرپور ماتھیلو (نامہ نگار،مشتاق لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر گھوٹکی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث ایک بڑے گینگ کا پردہ فاش کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 5 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 9 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

ڈی ایس پی گھوٹکی انور علی شیخ اور ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن محمد قابل بھیو کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان وزیر ولد عطا محمد گھوٹو، سرور ولد امین گھوٹو، ریاض ولد در محمد گھوٹو، اسداللہ ولد خدا بخش گھوٹو، اور پرویز ولد محمد بچل گھوٹو کو گرفتار کیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار ملزمان ریاض گھوٹو اور اسد اللہ گھوٹو کا تعلق جاگیرانی گینگ کے ڈاکوؤں لطف جاگیرانی، ندیم جاگیرانی اور شوکت جاگیرانی سے ہے۔ یہ ملزمان نہ صرف جاگیرانی گینگ کے سہولت کار ہیں بلکہ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان نے حال ہی میں گھوٹکی کی شوگر مل سے چار موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے جو برآمد کر لی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ دن قبل ڈاکو ندیم جاگیرانی اور اس کے ساتھیوں نے گھوٹکی شہر کے رحمو محلہ میں رشید لنجار کے گھر پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک مرد اور ایک عورت زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے مختلف علاقوں میں متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ یہ ملزمان کچے کے علاقے میں جاگیرانی گینگ سے ملاقات کرتے تھے اور انہیں شہروں میں وارداتوں کے لیے معلومات فراہم کرتے تھے۔ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کے لیے شاباشی کا پیغام دیا ہے۔

Shares: