ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) دریائے راوی میں سیلابی صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔ ہیڈ بلوکی کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ چون ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پانی کا اخراج ایک لاکھ چوالیس ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور شاہدرہ سے آنے والا بڑا ریلا تیزی سے ہیڈ بلوکی کی طرف بڑھ رہا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رات تک پانی کی آمد دو لاکھ کیوسک تک جا سکتی ہے۔
سیلابی پانی ضلع ننکانہ صاحب کے متعدد دیہات میں داخل ہو گیا ہے جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں بھرپور آپریشن میں مصروف ہیں۔ اب تک 32 سو سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 43 سو سے زائد مال مویشیوں کو بھی سیلابی پانی سے نکالا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ کئی دیہات خالی کرائے جا چکے ہیں جبکہ 139 دیہاتوں کے رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شام سے پہلے ممکنہ سیلابی علاقے خالی کر دیں تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔