پولینڈ کے وسطی شہر راڈوم میں ایک ایف-16 لڑاکا طیارہ ایئر شو کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ یہ حادثہ جمعرات کو پیش آیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔
موقع پر موجود افراد نے بتایا کہ طیارہ ایروبیٹک مشقوں کے دوران بیرل رول کر رہا تھا کہ اچانک کنٹرول کھو بیٹھا اور زمین پر جا گرا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ رن وے پر آگ کی لپیٹ میں آ کر کئی میٹر تک پھسلتا رہا، اور پھٹ گیا۔پولینڈ حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ حادثہ 31 ویں ٹیکٹیکل ایئر بیس کے قریب شہر پوزنان کے علاقے میں ہوا۔ ترجمان نے کہا، "یہ ہمارے ایئر فورس کے لیے ایک بڑا نقصان ہے اور ہم اس پر گہرے دکھ میں ہیں۔”خوش قسمتی سے، اس حادثے میں کسی بھی عام شہری کو نقصان نہیں پہنچا، تاہم پائلٹ کی ہلاکت نے فوج اور ملک بھر میں غم و افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔
حادثے کے فوری بعد پولینڈ کی مسلح افواج نے ایئر شو کو منسوخ کر دیا ہے جب کہ حادثے کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آئیں۔ حکام نے مزید تفصیلات جاری کرنے سے گریز کیا ہے، لیکن تحقیقات جاری ہیں۔