پاکستان میں آئینی اصلاحات کے سلسلے میں فافن (فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک) نے ایک جامع اعلامیہ جاری کرتے ہوئے شفاف اور جامع سیاسی مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے۔ فافن نے آئینی اصلاحات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی تجویز دی ہے تاکہ ملک کی قانون سازی، انتخابی نظام، اور مقامی حکومتوں کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔فافن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تجویز کردہ اصلاحات نہ صرف قانون سازی کو مضبوط کریں گی بلکہ عوامی مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں گی۔ فافن نے زور دیا ہے کہ حکومتی جماعتیں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سیاسی اتفاق رائے پیدا کریں، تاکہ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کو ختم کیا جا سکے۔ فافن نے اس بات پر زور دیا کہ آئینی کمزوریاں ملک کے موجودہ سیاسی حالات کی بنیادی وجہ ہیں، اور ان کمزوریوں کو فوری طور پر دور کرنا چاہیے۔ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد پارلیمانی اختیارات میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ عوام کے مفادات کی حفاظت کی جا سکے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک مضبوط پارلیمنٹ شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کو فروغ دینے اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ فافن نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتی اور فرقہ وارانہ اختلافات کو ایک طرف رکھیں اور آئینی دفاتر کے تقرر کے عمل میں عوامی جانچ پڑتال کو یقینی بنائیں۔فافن نے سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب جیسے تنازعات سے بچنے کے لیے الیکشن کمیشن کو وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ سمیت تمام آئینی دفاتر کے انتخابات کی نگرانی کرنے کا اختیار دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ، آئندہ آئینی ترامیم میں انتخابی نظام کے اندر نمائندگی کے اہم مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ موجودہ آئین آزاد امیدواروں کو انتخاب جیتنے کے بعد کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کی اجازت دیتا ہے، جو کہ انتخابی نظام کی شفافیت کو متاثر کر سکتا ہے۔ فافن نے اس مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے، تاکہ آئندہ انتخابات میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
فافن کا یہ موقف واضح کرتا ہے کہ آئینی اصلاحات اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے ملک کی سیاسی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ فافن کی تجویز کردہ اصلاحات اگر کامیاب ہوتیں تو یہ نہ صرف پارلیمانی نظام کو مضبوط بنائیں گی بلکہ عوام کی بنیادی حقوق کی حفاظت میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔

فافن کی مجوزہ آئینی اصلاحات پر شفاف سیاسی مذاکرات کی اپیل
Shares: