پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصل جاوید کو عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے سے روکنے والے اقدامات کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
فیصل جاوید نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے وزارتِ داخلہ کو حکم دیا تھا کہ ان کا نام پی این آئی ایل (پبلک نیشنل لسٹ) سے نکال دیا جائے تاکہ وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا سکیں۔ تاہم، عدالتی حکم کے باوجود فیصل جاوید کو ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے سے روکا گیا اور انہیں طیارے سے آف لوڈ کر دیا گیا.گزشتہ روز فیصل جاوید کو پشاور ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہیں سعودی عرب کی فلائٹ سے اُتار لیا گیا، حالانکہ عدالت نے پہلے ہی وزارتِ داخلہ کو ان کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔
فیصل جاوید نے اپنی درخواست میں کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور ان کے ساتھ توہینِ عدالت کی کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔