فیصل آبادچیئرمین ایف ڈی اے / ایم پی اے چوہدری لطیف نذر نے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں کا حقیقی فلسفہ معاشرے میں اجتماعی شادمانی کو فروغ دینا ہے تاکہ سماجی انصاف کی ترویج کے ساتھ کمزور طبقات میں احساس محرومی نہ رہے۔انہوں نے یہ بات عید الفطر کے موقع پر سنٹرل جیل کے دورہ کے دوران اسیروں میں عید کے تحائف تقسیم کرتے ہوئے کہی۔سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری اصغر علی و دیگر جیل افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چیئرمین ایف ڈی اے نے اسیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید اور خوشیوں کے دیگر تہواروں کے موقع پر دکھی انسانیت اور مشکل حالات کے شکار افراد کو یادرکھنا ہی فلاحی معاشرے کی پہچان ہے جبکہ دین اسلام بھی محروم طبقات کی دستگیری کی درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسیروں کی دلجوئی کے لئے ان کے ساتھ عید منا رہے ہیں جبکہ انہیں چاہیے کہ آئندہ زندگی سنوارنے اور جرائم سے تائب ہونے کا تہیہ کریں تاکہ وہ ایک مفید شہری کی طرح ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔

انہوں نے عید کی تقریب منعقد کرنے پر سنٹرل جیل انتظامیہ کے احسن اقدام کو سراہا اور تاکید کی کہ کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کے لئے تمام تر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے اور قیدیوں پر تمام تر احتیاطی تدابیر لاگو کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پر حکومت پنجاب جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود اور کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

سپرنٹنڈنٹ جیل نے مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے سنٹرل جیل میں قیدیوں اور ان کے ملاقاتیوں کے لئے کئے گئے اقدامات، سیکورٹی انتظامات و انتظامی امور کی دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا۔قبل ازیں چیئرمین ایف ڈی اے نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، خوشگوار ماحول اور جیل کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو سراہا۔

Shares: