فیصل آباد : پاکستان کے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد کے منٹگمری بازار میں آگ سے جھلس کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سات تک پہنچ گئی ہے۔اطلاعات ہیں کہ امدادی ٹیموں کے مطابق حادثہ فیصل آباد کے مصروف بازار مینٹگمری میں واقع پلازہ میں پیش آیا، جہاں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے چھ افراد جھلس کر، جب کہ ایک شخص پلازہ سے چھلانگ لگا کر جاں بحق ہوا۔
حادثے میں تین افراد شدید زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مرنے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق آگ منٹگمری بازار میں واقع پلازہ کی بالائی منزل پر لگی۔
پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر دکانیں بنی ہوئی ہیں، جب کہ اوپر کی منزل پر لوگوں نے رہائش اختیار کی ہوئی ہے۔ امدادی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ حادثے میں پہلی ہلاکت اس وقت ہوئی، جب آگ سے بچنے کیلئے ایک شخص نے نیچے کی جانب چھلانگ لگائی اور دکان کی چھت پر گر کر جاں بحق ہوا۔
گھنٹہ گھر کے قریب واقع پلازہ میں آگ رات گئے لگی، یہ فیصل آباد کا گنجان اور مصروف ترین علاقہ ہے جب کہ یہاں کی گلیاں بھی تنگ ہیں جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔امدادی اہلکاروں کے مطابق پلازہ میں متعدد افراد رہائش پذیر تھے، جس کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ ریسکیو ٹیموں کے مطابق آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
فائر بریگیڈ عملے کے مطابق آگ بجھانے میں چار گھنٹے لگے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں، جب کہ ایک بچی لاپتا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔