سینیٹر فیصل واوڈا نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اقتدار کے لیے ملک کو سرعام بے عزت کرا رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اقتدار کے لیے ملک توڑنے کی راہ پر گامزن ہے۔فیصل واوڈا نے پشاور میں افغان قونصلیٹ کی جانب سے سفارتی آداب کی خلاف ورزی اور قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونے پر نکتہ چینی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک اس واقعے پر کوئی مذمتی بیان، ایکشن، ڈیمارش یا کوئی اور کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نالائق، نااہل، نکمی اور بزدل ہے، اور وہ ٹک ٹاک کے انداز میں کام کر رہی ہے۔
پشاور میں افغان قونصلیٹ کی جانب سے رحمت اللعالمین کانفرنس کے دوران سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی تھی، جس میں افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے قومی ترانے کے دوران کھڑے ہونے سے انکار کیا تھا۔ اس واقعے پر سرکاری ذرائع نے ردعمل میں کہا کہ افغان قونصل جنرل کا یہ عمل پاکستان اور پاکستانی قوم کی بے عزتی ہے۔سفارتی آداب سے واقف ماہرین کے مطابق، افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر پاکستان سے واپس بھیجا جانا چاہیے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر بھی سوال اٹھایا کہ کیا انہیں پاکستان کی عزت اور سفارتی آداب کا کوئی خیال نہیں ہے؟اس واقعے نے پاکستان اور افغانستان کے مابین سفارتی تعلقات کو مزید تناؤ میں ڈال دیا ہے اور اس نے خیبرپختونخوا حکومت کی سفارتی مہارت اور ملکی وقار کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

فیصل واوڈا کی وزیراعلیٰ کے پی اور افغان قونصلیٹ کی قومی ترانے کی خلاف ورزی پر سخت الفاظ میں مذمت
Shares: