جنرل فیض حمید اور ابصار عالم کی مبینہ فون کال لیک، نجی ٹی وی چینل پر جاری

اسلام آباد: آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل فیض حمید اور معروف صحافی ابصار عالم کے درمیان ہونے والی مبینہ فون کال لیک ہو گئی ہے، جسے نجی ٹی وی چینل ‘سما’ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ریلیز کیا ہے۔ ابصار عالم اس وقت ‘سما’ ٹی وی سے وابستہ ہیں۔لیک ہونے والی اس مبینہ فون کال میں جنرل فیض حمید، ابصار عالم سے شکوہ کرتے ہوئے سنائی دیتے ہیں کہ وہ انہیں "لفٹ” نہیں کراتے۔ اس کے بعد وہ ابصار عالم سے ایک کام کے حوالے سے بات کرتے ہیں، جس میں ایک بریگیڈیئر کا ذکر آتا ہے جو حال ہی میں گرفتار ہوئے ہیں۔فون کال کے دوران جنرل فیض حمید نے ابصار عالم سے درخواست کی کہ وہ دو پرانے چینلز کے لائسنس کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد کریں۔
جنرل فیض کا کہنا تھا کہ انہیں اس معاملے کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں، لیکن بریگیڈیئر غفار اس حوالے سے تفصیلات بتانے کے لیے آئیں گے۔کال کے اختتام پر ابصار عالم نے جنرل فیض حمید کی درخواست قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔ جنرل فیض نے بھی اتفاق ظاہر کرتے ہوئے کال ختم کی۔یہ فون کال اس وقت کی ہے جب ابصار عالم چیئر مین پیمرا کے عہدے پر فائز تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ گفتگو کس وقت کی ہے اور اس دوران جنرل فیض حمید آئی ایس آئی میں متعین تھے یا نہیں۔یہ لیکڈ کال سوشل میڈیا اور میڈیا میں کافی توجہ حاصل کر رہی ہے اور اس سے متعدد سوالات بھی جنم لے رہے ہیں۔

Leave a reply