فیض حمید کے خلاف چارج شیٹ جاری ہونا اہم پیشرفت ہے۔مصطفیٰ کمال
ایم کیو ایم کے رہنما ،رکن قومی اسمبلی سید مصطفیٰ کمال نے فیض حمید کے خلاف چارج شیٹ جاری ہونے کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا احتساب ملک کے اگلے 40 سال کے مستقبل کا تعین کرے گا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فیض حمید نے اپنے عہدے کے دوران اختیارات کا بے دریغ استعمال کیا، جو کہ ملکی سیاست اور نظام کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکا تھا۔فیض حمید نے بڑے عہدوں پر فائز ہو کر ملک کے اہم فیصلوں میں اپنے اثرورسوخ کا استعمال کیا، جس سے نہ صرف اداروں کی آزادی متاثر ہوئی بلکہ ملکی سیاست بھی اپنے صحیح راستے سے ہٹ کر ایک پیچیدہ بحران میں مبتلا ہو گئی۔ فیض حمید کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں ملک میں احتساب کا عمل مضبوط ہو گا اور عوام کا اعتماد بحال ہو گا۔اگر اس احتساب کے عمل کو کامیابی سے چلایا گیا تو یہ نہ صرف موجودہ حکومت بلکہ آنے والی حکومتوں کے لیے بھی ایک مضبوط پیغام ہو گا کہ کسی بھی طاقتور شخصیت یا ادارے کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ اس وقت ملک میں اس نوعیت کے احتساب کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی سطح پر بدعنوانی اور طاقت کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
یاد رہے کہ فیض حمید، جو پاکستان کے سابق ڈی جی آئی ایس آئی تھے، پر متعدد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں جن میں طاقت کا غلط استعمال اور ریاستی اداروں میں مداخلت شامل ہیں۔ ان کے خلاف چارج شیٹ جاری ہونے سے پاکستان کی سیاست میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔
فیض حمید کیخلاف چارج شیٹ،عمران کا بچنا ممکن نہیں، فیصل واوڈا