کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نےسابق آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف فرد جرم عائد ہونے پر بیان جاری کیاہے-

باغی ٹی وی : ایکس پر جاری بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے خلاف فرد جرم عائد کرکے فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے،اس کارروائی سے موجودہ قیادت کے خود احتسابی کے بیانیے کو مزید تقویت حاصل ہوگی اور اس تاثر کو زائل کیا جاسکےگا کہ طاقتور احتساب سے بالا تر ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی اور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے اگلے مرحلے میں فیض حمیدکوباضابطہ طور پر چارج شیٹ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ملک میں انتشار، بےامنی سے متعلق پُرتشدد واقعات میں فیض حمید کے ملوث ہونے کی علیحدہ تفتیش بھی جاری ہے، پُرتشدد اور بے امنی کے متعدد واقعات میں 9 مئی سے جڑے واقعات بھی شامل تفتیش ہیں، ان متعدد پُرتشدد واقعات میں مذموم سیاسی عناصرکی ایما اورملی بھگت بھی شامل تفتیش ہے فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو قانون کے مطابق تمام قانونی حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔

Shares: