میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈہرکی میں سرکاری زمین پر قبضے کی ایک بڑی سازش عدالت میں بے نقاب ہو گئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پردیپ کمار میٹائی کی عدالت نے دیہہ لکپور، تعلقہ اوباڑو کی 5 ایکڑ 3 گھنٹے سرکاری اراضی پر کی گئی جعلی انٹریاں منسوخ کرتے ہوئے ملوث ریونیو عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
سول اپیل نمبر 30/2025 پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے انٹری نمبر 223-A اور 238 سمیت ساتویں فارم بی پر کی گئی تمام جعلسازیوں کو کالعدم قرار دیا، جب کہ سب رجسٹرار کو ہدایت کی گئی ہے کہ 24 فروری 2000 کو کی گئی جعلی ایکسچینج ڈیڈ نمبر 412 کو بھی منسوخ کیا جائے۔
عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنر سکھر اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کو حکم دیا ہے کہ وہ جعلسازی میں ملوث ریونیو عملے کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔
یہ مقدمہ جڑیل میر عرف جڑیل بھٹو کی جانب سے حلیمہ بھٹو و دیگر کے خلاف دائر کیا گیا تھا۔ عدالت کا فیصلہ ضلع گھوٹکی میں زمینوں پر بڑھتے قبضہ مافیا کے خلاف ایک بڑی قانونی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔