آزادی صحافت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔تابش قیوم
لاہور( )مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے پیکا ایکٹ کے خلاف صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ فیک نیوزکے ذریعے معاشرے میں انتشار پھیلتا ہے.صحافی معاشرتی برائیوں اور ناانصافیوں کو اجاگر کرتے ہوئے ایک بہترین معاشرے کی تشکیل کے لئے اپنے قلم کا استعمال کرتے ہیں۔
یہ بات تابش قیوم نے مرکزی مسلم لیگ کے سنٹرل میڈیا سیل میں شعبہ جاتی اور ڈویژنل میڈیا کے ذمہ داران کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مرکزی مسلم لیگ کے میڈیا ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف بھی طے کیے گئے۔ اجلاس میں میڈیا ونگ کومزید متحرک اور فعال کرنے پر بھی زور دیا گیا. تابش قیوم کا کہنا تھا کہ میڈیا کا کردار اس وقت زیادہ مؤثر ہو گا جب اسے ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ استعمال کیا جائے۔
تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ میڈیا کے میدان میں بھی اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے گی .تابش قیوم نے میڈیا کوآرڈینیٹرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا مثبت کردار کسی بھی معاشرتی بگاڑ کو درست کرنے میں اہمیت رکھتا ہے. الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا پر بھی ذمہ داری کے ساتھ کام کی ضرورت ہے.موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے. مرکزی مسلم لیگ صحافیوں کے حقوق کے دفاع میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صحافتی آزادی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔