اوکاڑہ ( نامہ نگار ملک ظفر )سب انسپکٹر محمد یونس کے صاحبزادے فخر فرید نے قانون کے شعبے میں قومی سطح پر مسلسل دو فتوحات حاصل کر کے ضلع اوکاڑہ اور اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے ہونہار طالب علم فخر فرید نے محض ایک ماہ کے دوران دو بڑے نیشنل موٹ کورٹ مقابلے جیت کر اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، 14 نومبر 2025 کو آئی وی کالج آف لا کے زیر اہتمام منعقدہ "آل پاکستان نیشنل موٹ کورٹ مقابلے” میں ملک بھر سے آئی ہوئی 16 ٹیموں کو پچھاڑ کر انہوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کے فوری بعد 30 نومبر 2025 کو "ایچ آر پی سی” کے سالانہ موٹ کورٹ مقابلے میں بھی انہوں نے اپنی جامعہ کی نمائندگی کرتے ہوئے سیمی فائنل میں پنجاب یونیورسٹی اور فائنل میں گلوبل لا کالج جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دے کر مسلسل دوسری قومی چیمپئن شپ اپنے نام کی۔
فخر فرید کی اس غیر معمولی تعلیمی و پیشہ ورانہ کامیابی پر ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے ان کی قابلیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں نقد انعام اور تعریفی اسناد (Appreciation Letter) سے نوازا ہے۔ پولیس افسر کے صاحبزادے کی یہ شاندار کارکردگی نوجوان نسل کے لیے ایک مشعلِ راہ قرار دی جا رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت اور لگن سے کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس تاریخی کامیابی پر عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے سب انسپکٹر محمد یونس کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے اور ہونہار طالب علم کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔








