فلسطینی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا،مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس سے زیادہ المناک بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ آج مظلوم اور بے یارو مدد گار فلسطینی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو اب خواب غفلت سے جاگ اٹھنا چاہئے، بصورت دیگر عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی ذمہ داری ان پر بھی عائد ہوگی، جنہوں نے مصلحتوں کے پیش نظر اس اہم اور انتہائی سنگین انسانی مسئلے کو نظر انداز کیا اور اس طرح اسرائیل کو ہر طریقے سے خطے میں اپنی من مانی کی اجازت دی، آج کا دن ہم نے غزہ اور دیگر علاقوں میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے نام کیا اور یہ امر باعث ستائش ہے کہ سٹی کونسل کی خواتین ممبران نے اس موقع پر اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف سراپا احتجاج بنتے ہوئے کے ایم سی صدر دفتر کے باہر فلسطینیوں سے یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی نکالی اور پورے ملک کو اور دنیا کو یہ پیغام پہنچایا کہ سٹی کونسل کراچی فلسطینیوں کے خلاف بدترین ظلم و بربریت کی مذمت کرتی ہے اور اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف احتجاج کرتی رہے گی، یہ بات انہوں نے پیر کے روز یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر کے ایم سی ہیڈ آفس کے باہر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کی چیف وہپ مسرت نیازی کی قیادت میں ریلی نکالنے والی خواتین ممبران سے اپنے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو اس موقع پر محترمہ مسرت نیازی نے فلسطین کا پرچم اور مخصوص فلسطینی مفلر پیش کیا، میئر کراچی نے کہا کہ غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں پر جو مسلسل بمباری ہو رہی ہے اس کے نتیجے میں آج وہاں نہ بچے محفوظ ہیں نہ خواتین اور نہ ہی بزرگ، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس علاقے میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور فلسطینیوں کو جینے کا حق دیا جائے، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو غزہ اور فلسطین کی موجودہ قابل رحم صورتحال سے سابق حاصل کرنا چاہئے کہ یہ وقت کبھی بھی کسی پر بھی آسکتا ہے لہٰذا یہ ضروری ہے کہ تمام اسلامی ممالک اپنے باہمی گروہی اور فرقہ وارانہ اختلافات کو فراموش کرکے ایک قوت بنیں اور اسرائیل جیسی ظالم ریاست اور اس کے حمایتی ممالک کو واضح پیغام دیں کہ وہ کسی بھی صورت مسلمانوں کے خلاف دنیا کے کسی بھی حصے میں اس طرح کاظلم و بربریت برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عالم اسلام کو ایک پرچم تلے اکٹھا کیا تھا اور پاکستان میں اسلامی سربراہی کانفرنس کا شاندار انعقاد کرکے مسلم دنیا کو طاقتور بنانے کی کوشش کی تھی، آج بھی ہمیں اسی طرح بھٹو شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عالم اسلام کو متحد اور مضبوط بنانا ہوگا جس کے لئے اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی اہم کردار ادا کرسکتی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی مظلوموں پر ظلم و ستم ڈھایا جائے اس کی مذمت ہی کافی نہیں بلکہ آگے بڑھ کر ظالم کا راستہ روکنے کی بھی ضرورت ہے،کراچی شہر اس معاملے میں انتہائی متحرک ہے اور ظلم خواہ فلسطین میں ہو یا کشمیر یا کسی دوسری جگہ ، کراچی کے شہریوں نے ہمیشہ اس کی مذمت کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل بھی مبارکباد کی مستحق ہے کہ اس نے اپنے گزشتہ اجلاس میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے بدترین مظالم پر اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی اور حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت پر اپنے یقین کا بہترین انداز میں اظہار کیا۔

کراچی حملے میں اہم پیشرفت، تفتیش کا دائرہ بلوچستان تک وسیع

Comments are closed.