سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارتی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا "فالس فلیگ آپریشن” کا پروپیگنڈا بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ بھارتی فوج کے اعلیٰ افسران خود اپنی غلطیوں اور ناکامیوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔
یوم مزدور کے موقع پر سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی جدوجہد کے باعث ہی دنیا ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ دشمن کو شکست دی ہے۔
سرحدوں پر بسنے والوں کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کی انتہا پسند سوچ کے سامنے پوری قوم چٹان بن کر کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مودی کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا اور سیالکوٹ شہر دشمن کے ناپاک ارادوں کے خلاف پہلی دیوار ثابت ہوگا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان نے 70 ہزار جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن قائم کیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف رہا ہے، جبکہ ہمارے دشمن نے ہمیشہ دہشت گردی کو سپورٹ کیا ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں بھارت کی سوچ کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اس واقعے پر بغلیں بجائی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ریاستی اداروں اور حکومت نے بین الاقوامی سطح پر بھارت میں ہونے والی دہشت گردی کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت معصوم اور نہتے شہریوں کو محکوم بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنے پھیلے ہوئے گند کو دیکھنے کی بجائے پاکستان پر الزامات لگانے پر اتر آتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے پہلگام واقعے کو بھارت کا ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی اس واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف اپنے مذموم ارادے پورے کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے خلاف اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے ہیومن رائٹس کی تنظیموں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مودی کے ان اقدامات پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے مودی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی اجناس پوری دنیا کو ایکسپورٹ کرتا ہے اور مودی پانی بند کرنے کے فلمی ڈائیلاگ کی مارکیٹنگ کر رہے ہیں۔