ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیر اہتمام خاندانی منصوبہ بندی اور پاپولیشن ویلفیئر پر صحافیوں کے لیے انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا گیا۔ سیشن وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدام برائے خاندانی منصوبہ بندی کے تحت ہوا، جس میں قومی اور علاقائی میڈیا کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عتیق الرحمن، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ماجد اور اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان مہمانانِ خصوصی تھے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ہما مہدی لغاری اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن جنید جتوئی سمیت ماہرین نے صحافیوں کو بریفنگ دی جبکہ منیب بہار نے ملٹی میڈیا پریزینٹیشن کے ذریعے اعداد و شمار کے ساتھ خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت اجاگر کی۔
ماہرین نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی 24 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، جس کے باعث صحت، تعلیم اور روزگار پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی نہ صرف خواتین و بچوں کی صحت بلکہ پائیدار ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
ورکشاپ میں زور دیا گیا کہ میڈیا اپنی تحریروں اور رپورٹس کے ذریعے عوامی خدشات دور کرے اور سائنسی بنیادوں پر آگاہی مہم چلائے تاکہ رویوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔ سیشن کے کامیاب انتظامات پر محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے عبدالقدوس کو شرکاء نے خراجِ تحسین پیش کیا۔