لاہور:پنجاب حکومت نے راولپنڈی کی سابق تحصیل مری کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ضلعی ہیڈ کوارٹر مری اور کوٹلی ستیاں کے درمیان پرہینا کے مقام پر ہوگا۔

پنجاب کا مشہور و معروف سیاحتی مقام مری جو کل تک راولپنڈی کی تحصیل تھی، اسے ضلع کا درجہ دے دیا گیا۔ پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، 690 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا نیا ضلع کوٹلی ستیاں اور مری کی 2 تحصیلوں پر مشتمل ہوگا، دونوں تحصیلوں میں 22 یونین کونسلز شامل ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے نئے ضلع کا ڈسٹرکٹ کمپلیکس مری اور کوٹلی ستیاں کے درمیان پرہینا کے مقام پر 128 کنال کے رقبے پر بنایا جائے گا، ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا فاصلہ مری سے 17 جبکہ کوٹلی ستیاں سے 19 کلومیٹر ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کو ضلع مری کیلئے 22 نئے ادارے بنانے ہوں گے، 3 ہزار 612 نئی آسامیاں بھی پیدا ہوں گی، تنخواہوں اور الاؤنس کی مد میں پونے 2 ارب روپے سے زائد خرچ ہونگے جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ کيلئے 60 کروڑ روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فی الحال ضلع مری کے انتظامی معاملات راولپنڈی کے ڈی سی اور سی پی او ہی سنبھالیں گےکمشنر راولپنڈی ثاقب منان کا کہنا ہے کہ ڈی سی کا سارا نظام ہوگا، پولیس لائن بنائی جائے گی، مزید تھانے بنائے جائیں گے، ابھی وہاں صرف ایک اے سی ہے، بجٹ کی کوئی قید نہیں۔

انتظامیہ کے مطابق ضلع مری کا نیا انفرااسٹرکچر سیاحوں کی آمد و رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا جائے گا، اسی حوالے سے اسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔

Shares: