ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواد)ڈیرہ غازی خان میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان سید علی اور ڈی پی او مظفرگڑھ ڈاکٹر رضوان احمد خان کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب جمخانہ کلب میں منعقد ہوئی جہاں دونوں افسران کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز اور سوینئرز پیش کیے گئے۔

اس تقریب میں کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کے ساتھ ساتھ ریجن کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران، ڈپٹی کمشنرز، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، سیف سٹی اتھارٹی، پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مقررین نے دونوں افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سید علی اور ڈاکٹر رضوان احمد خان نے اپنے اپنے اضلاع میں جرائم کے خاتمے، عوامی اعتماد کی بحالی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ دونوں افسران نے دیانتداری، فرض شناسی اور بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب-خیبر پختونخوا بارڈر پر دہشت گردوں کے خلاف اور مظفرگڑھ میں کچے کے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف ان کی کارروائیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے دونوں افسران کی آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Shares: