ڈیرہ غازی خان ( باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان میں جرأت، بہادری اور پیشہ ورانہ دیانت کا ایک روشن باب اپنے اختتام کو پہنچا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سید علی نے اپنے تبادلے کے موقع پر SDPOs، SHOs، برانچ انچارجز اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر فضا جذبات سے لبریز تھی اور ہر چہرے پر قائدانہ صلاحیتوں سے بھرپور ایک افسر کے جانے کا ملال نمایاں تھا۔
پولیس اسٹاف نے ڈی پی او سید علی کی بے باک قیادت، مثالی نظم و ضبط اور جرائم کے خلاف ان کی ناقابلِ فراموش جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سید علی نے اپنے دورِ تعیناتی میں نہ صرف دہشت گرد عناصر کے خلاف فرنٹ لائن قیادت کی بلکہ جرائم پیشہ گروہوں، منشیات فروشوں اور خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف بھی فیصلہ کن کارروائیاں کیں۔
ڈی پی او سید علی کا سب سے نمایاں کارنامہ فتنۂ خوارج کے خلاف ان کی جرات مندانہ مہم تھی، جس میں انہوں نے جان کی پروا کیے بغیر فرنٹ لائن پر کمانڈ کی۔ ان کی قیادت میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری دیکھی گئی، عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوا، اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا گیا۔
عوامی حلقوں، صحافتی اداروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے بھی ڈی پی او سید علی کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ انہیں "جرأت، فرض شناسی اور انصاف کی علامت” قرار دیا جا رہا ہے، اور ان کے جانے کو ایک خلا تصور کیا جا رہا ہے جسے پُر کرنا آسان نہ ہوگا۔
ڈی پی او سید علی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ڈیرہ غازی خان کو اپنی عملی زندگی کا قابلِ فخر باب سمجھیں گے، اور جہاں بھی رہیں گے، عوام کی خدمت اور قانون کی عملداری کو مقدم رکھیں گے۔