کراچی: کراچی کی عدالت نے صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے (فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی) کے حوالے کر دیا ہے اور ان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ یہ پیشی کراچی میں واقع جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ہوئی، جہاں ایف آئی اے نے صحافی کو پیش کیا۔
ایف آئی اے کی درخواست پر عدالت نے فرحان ملک کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔فرحان ملک کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف پہلے سے کئی انکوائریز چل رہی تھیں اور سندھ ہائی کورٹ نے ان انکوائریوں پر کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کر رکھے تھے۔ وکیل نے مزید کہا کہ ایف آئی اے نے سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے موکل کے خلاف کارروائی کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز، نجی چینل کے سابق ڈائریکٹر نیوز،رفتار کےمالک صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کی ٹیم نے گرفتار کر لیا تھا۔ ان کے خلاف گزشتہ تین ماہ سے انکوائری جاری تھی اور انہیں جمعرات کو ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں بیان دینے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ بعد ازاں، ڈائریکٹر سائبر کرائم کے احکامات پر سب انسپکٹر ذیشان نے مقدمہ نمبر 25/25 درج کیا اور فرحان ملک کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا۔
اس گرفتاری کے بعد، میڈیا میں اس معاملے پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، اور صحافی برادری نے اس کارروائی کو غیر ضروری اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔ صحافی برادری نے واقعہ کی مذمت کی ہے.