میرپورخاص(باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور حکومت سندھ کے اشتراک سے تعلیم کی فراہمی میں پیش پیش تعلیمی ادارہ فاس دی ہوپ ہائیر سیکنڈری اسکول میرواہ گورچانی کی جانب سے داخلہ مہم برائے سال 2025-26 کے سلسلے میں شعور بیدار کرنے کے لیے فاطمہ ریزیڈنسی سے شجاع آباد پریس کلب تک ایک بیداری واک کا اہتمام کیا گیا۔
واک کی قیادت سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن میرپورخاص ریجن کے ہیڈ علی محمد شہوانی نے کی، جبکہ شرکاء نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے والے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "تعلیم سب کے لیے”، "تعلیم کامیاب زندگی کی کنجی” جیسے نعروں کے ساتھ مثبت پیغامات درج تھے۔
ریجنل ہیڈ علی محمد شہوانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
"تعلیم صرف ایک فرد کو علم ہی نہیں دیتی بلکہ اُسے بہتر انسان بناتی ہے، اس کی سوچ میں وسعت، کردار میں نکھار، اور زندگی میں شعور پیدا کرتی ہے۔ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے۔”
انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان کو اپنے حقوق و فرائض سے آگاہ کرتی ہے، تنقیدی سوچ کو فروغ دیتی ہے، اور کامیاب معاشرہ تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں ضرور داخل کروائیں تاکہ سندھ کا کوئی بھی بچہ تعلیم کے زیور سے محروم نہ رہ جائے۔
اس موقع پر دیگر مقررین غلام محمد نودھانی، غلام فرید اوٹھو، نثار چانگ، مختیار لغاری و دیگر نے بھی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو نسلوں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، ادارے اور والدین مل کر اگر سنجیدگی سے کام کریں تو تعلیم کا ہر چراغ روشن ہو سکتا ہے۔
یہ بیداری واک نہ صرف داخلہ مہم کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ بنی بلکہ شہریوں میں تعلیم کی اہمیت کا پیغام بھی کامیابی سے پہنچایا، جو آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔