لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) فاٹا ریجن کے ڈس ایبل کرکٹرز نے حکومت اور محکمہ کھیل سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ روا رکھے گئے امتیازی سلوک کو فوری طور پر بند کیا جائے اور کھلاڑیوں کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل ڈس ایبل کرکٹر اور فاٹا ریجن ڈس ایبل کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد اللہ آفریدی نے ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈیکوتل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کھلاڑی واحد شاہ اور محی الدین شینواری بھی موجود تھے۔
محمد اللہ آفریدی نے کہا کہ فاٹا ریجن کے ڈس ایبل کرکٹرز وسائل اور سہولیات کی کمی کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 اگست کو مانسہرہ اور گوجرانوالہ میں ملک کے 16 ریجنز کی ڈس ایبل ٹیموں کے درمیان کرکٹ مقابلے ہونے جا رہے ہیں، جس میں فاٹا ریجن کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔ تاہم، ٹیم کو کٹ بیگز اور دیگر ضروری سامان کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فاٹا ریجن کے کھلاڑیوں میں بہترین صلاحیتیں موجود ہیں، لیکن وسائل کی کمی اور حکومتی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر برائے کھیل عدنان قادری، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ کھیل سے اپیل کی کہ وہ ان کھلاڑیوں کی مدد کریں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر فاٹا ریجن کا نام روشن کر سکتے ہیں۔