لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام فاٹا ریجن کے انڈر 15 اور انڈر 17 کے فائنل ٹرائلز خیبر جمرود میں منعقد ہوئے، جن میں 10 اضلاع کے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ ٹرائلز کا مقصد نوجوانوں کو قومی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر ریاض آفریدی کے مطابق انتخاب مکمل طور پر میرٹ پر کیا گیا اور 20 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا، جن میں 15 مین اور 5 ریزرو کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام قانونی تقاضے، بون ٹیسٹ اور دیگر ایس او پیز مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ منتخب کھلاڑیوں کی فہرست پی سی بی ہیڈکوارٹر بھیج دی گئی ہے۔
ریاض آفریدی نے واضح کیا کہ کسی سفارش یا ذاتی تعلق کی بنیاد پر کوئی انتخاب نہیں ہوا، اور تمام فیصلے صرف ٹیلنٹ اور مہارت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔ غیر متعلقہ افراد کو ٹرائلز میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تاکہ کھلاڑیوں کو دباؤ سے آزاد ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انڈر 19 ٹیموں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پر ٹیمیں بنائی جائیں گی، جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔