گوجرہ (باغی ٹی وی، عبد الرحمن جٹ)چک نمبر 178 گ ب کے رہائشی موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے، حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضاء سوگوار ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق 17 سالہ شہریار اپنے والد بابر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر شہر سے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ راستے میں چک نمبر 369 ج ب، سرجا چوک کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر سے ٹکرا گئے۔ حادثے کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ شہریار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بابر کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت تشویشناک ہونے پر انہیں الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کیا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس تھانہ صدر گوجرہ نے لاشیں قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں، اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

نعشیں گاؤں پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، اور باپ بیٹے کی اچانک موت سے گاؤں کی فضا رنج و الم میں ڈوب گئی۔ اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔

Shares: