گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)نواحی علاقہ ونیہ والا میں غربت اور بے بسی ایک اور جان لے گئی۔ بجلی بل کی عدم ادائیگی پر گیپکو حکام نے شہری انور کو گرفتار کروا دیا، جس پر اس کا بیٹا فراز دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر بیٹھا۔
تفصیلات کے مطابق تین ماہ کا 38 ہزار روپے کا بل ادا نہ کرنے پر گیپکو نے انور کا بجلی میٹر منقطع کر دیا۔ انور نے وقتی طور پر ہمسایوں سے بجلی لینا شروع کی تو گیپکو حکام نے بجلی چوری کا مقدمہ درج کروا کر اسے گرفتار کروا دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسلسل تین دن تک گھر میں بجلی نہ ہونے اور والد کی گرفتاری سے متاثر ہو کر انور کا نوجوان بیٹا فراز شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا اور بالآخر تیزاب پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
مرحوم کی والدہ نے بتایا کہ فراز والد کی رہائی اور بجلی کی بحالی کے لیے گیپکو دفتر کے چکر لگاتا رہا، مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی، جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔
یہ افسوسناک واقعہ سوال چھوڑ گیا ہے کہ کیا بجلی چوری کے خلاف کارروائی انسانی جان سے زیادہ ضروری ہے؟ حکام بالا کی خاموشی اس سوال کا جواب دینے سے قاصر ہے۔








