اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے محلہ اکبر ٹاؤن میں ایک لرزہ خیز واقعے نے انسانیت، شرافت اور باپ جیسے مقدس رشتے کو شرمسار کر دیا۔ پولیس نے اپنی ہی سگی 18 سالہ بیٹی سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم محمد ندیم ولد محمد یعقوب قوم وارن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، متاثرہ لڑکی کی والدہ نور بی بی زوجہ محمد ندیم نے تھانہ سٹی اوچ شریف میں دی گئی تحریری درخواست میں بیان کیا کہ وہ 8 جولائی 2025 کو گھریلو کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گئی تھی۔ واپس آ کر اس نے اپنے شوہر کو بیٹی کے ساتھ نازیبا حالت میں دیکھا، جس پر اس کا دل دہل گیا۔ تاہم رشتہ داروں نے “بدنامی” کے خوف سے خاتون کو خاموش رہنے پر مجبور کیا۔
متاثرہ خاتون نے بالآخر ہمت کر کے پولیس کو اطلاع دی، جس پر تھانہ سٹی اوچ شریف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 1063/25 بجرم 376 تعزیرات پاکستان کے تحت اندراج کیا اور ملزم محمد ندیم کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص اس قسم کی درندگی کا تصور بھی نہ کر سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پورے معاشرے کے منہ پر طمانچہ ہے، اور اس میں انصاف کی بروقت فراہمی ہی متاثرہ خاندان کے دکھ کا مداوا بن سکتی ہے۔