مس یونیورس کے فائنل میں میکسیکو کی 25 سالہ فاطمہ بوش نے تنازعات کے باوجود مس یونیورس 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
تھائی لینڈ میں ہونے والے مس یونیورس 2025 کے مقابلے میں 120 ممالک کی حسیناؤں نے حصہ لیا تھا، مقابلے کے دوران میکسیکو کی فاطمہ بوش نے تمام تنازعات اور دباؤ کے باوجود شاندار پرفارمنس سے ناصرف ججز بلکہ دنیا بھر کے ناظرین کو بھی متاثر کیا، فائنل کے نتائج میں تھائی لینڈ کی امیدوار رنر اپ قرار پائیں جبکہ وینزویلا اور فلپائن کی حسینائیں بھی ٹاپ فائیو میں شامل رہیں، مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی 25 سالہ روما ریاض نے کی جبکہ فلسطین کی پہلی حسینہ نادین ایوب بھی مِس یونیورس میں جلوہ گر ہوئیں،مس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے والی فاطمہ بوش نے فیشن ڈیزائن کی تعلیم میکسیکو میں حاصل کی ہے، مس یونیورس سماجی مسائل اجاگر کرنے کے لیے بھی سرگرم رہتی ہیں جبکہ ستمبر 2025 میں فاطمہ بوش نے مس میکسکیو کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال مس یونیورس 2025 کا مقابلہ خوبصورتی سے زیادہ تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہا تھا، اسکینڈل اس وقت شروع ہوا جب چند ہفتے قبل دوران تقریب مس یونیورس کے ایک اعلیٰ ڈائریکٹر نے فاطمہ بوش کی سب کے سامنے تضحیک کی اور انہیں بے وقوف کہا،جس پر مس میکسیکو کا مؤقف تھا کہ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایک عورت کو کیسے عزت دی جاتی ہے اور وہ بھی وہ عورت جو اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہو، جس کے بعد مقابلہ حسن کی امیدواروں نے فاطمہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجاً واک آؤٹ کیا تھا۔








