سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) گورنمنٹ لیڈی اینڈرسن ہائی اسکول سیالکوٹ کی ہونہار طالبہ فاطمہ شیراز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 میں 1187 نمبر حاصل کر کے گوجرانوالہ بورڈ میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔ اس شاندار تعلیمی کارنامے کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی طارق سبحانی، سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ، کمشنر گوجرانوالہ نوید شیرازی اور چیئرمین تعلیمی بورڈ اختشام بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ شرکاء نے فاطمہ شیراز کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اس کی محنت و لگن کو بھرپور سراہا۔

اس موقع پر اسکول کی پرنسپل محترمہ ارم شیرازی اور وائس پرنسپل میڈم سارا کو طلبہ کی مثالی رہنمائی اور معیاری تدریسی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ فاطمہ کی کامیابی نہ صرف اسکول بلکہ پورے ضلع سیالکوٹ کے لیے فخر کا باعث قرار دی گئی ہے، جو تدریسی معیار اور طلبہ کی محنت کا عملی ثبوت ہے۔

Shares: