فواد چودھری چھا گئے، ڈنمارک کے ایوان میں پیش ہو گی کشمیر پر قرارداد

0
57

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ڈنمارک کی پارلیمان کا دورہ کیا جہاں ڈنمارک پارلیمنٹ کے منتخب رکن سکندر صدیق نے ان کا استقبال کیا ۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے ڈنمارک کی پارلیمان کے رکن سکندر صدیق اور دیگر شرکاء کو مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر اپنا کردار ادا کرے،وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھارہا ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف اپنا کردار ادا کرے۔

ڈنمارک کے رکن اسمبلی سکندر صدیق نے کہا کہ ڈنمارک کے ایوان میں مسئلہ کشمیر پر تحریک لا ئی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرڈنمارک کے وزیر اعظم اور متعلقہ حکام سے انسانی حقوق بارے خصوصی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرکے انسانی حقوق پر ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کرے.

قبل ازیں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ امن کے لیے بھی جنگیں لڑنا پڑتی ہیں، دنیا مودی کے اقدامات پر بھارت کو ملامت کر رہی ہے۔ تمام کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، یورپ میں یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، کوپن ہیگن، لندن اور پیرس میں کل ریلیاں نکالی جائیں گی، پاکستان کو اپنی ترجیحات پر توجہ دینا ہوگی، پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

Leave a reply