اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 237 میں نئی ترامیم متعارف کرائی ہیں، جن کا مقصد ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ کے سسٹم کو مزید فعال بنانا ہے۔ ان نئی ترامیم کے تحت ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ کو ہفتہ وار کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس نئے طریقہ کار سے ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے بعد فوری طور پر ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل ہونے کی سہولت حاصل ہوگی۔ یہ تبدیلی ریئل ٹائم ایکیوریسی کو بہتر بنانے اور ٹیکس کمپلائنس میں آسانی پیدا کرنے کے لیے کی گئی ہے۔
ترمیم کے تحت، وہ ٹیکس دہندگان جو ٹیکس سال 2024 کے لیے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے مقررہ تاریخ تک، یا دی گئی کسی توسیع کے اندر جمع کرائیں گے، انہیں فوری طور پر ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، مقررہ یا توسیعی تاریخ کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 182A کے تحت سرچارج کی ادائیگی کے ذریعے بھی ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل ہونے کی اجازت ہوگی۔پرانے سسٹم کے تحت ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ کو ہر سال مارچ میں اپڈیٹ کیا جاتا تھا، جسے اب تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت، انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے پر ٹیکس دہندہ کو فوری طور پر ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کر دیا جائے گا۔ اس تبدیلی کے ذریعے پراسس مزید مؤثر ہوگا اور ٹیکس کمپلائنس میں بہتری آئے گی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ ترامیم ان کی آپریشنز کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کی عکاسی کرتی ہیں۔ ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ کے اپ ڈیٹس کے لیے زیادہ متحرک طریقہ اختیار کر کے، ایف بی آر ٹیکس دہندگان اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اس نئی تبدیلی کے بعد، امید کی جا رہی ہے کہ ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر کے ساتھ زیادہ مؤثر طور پر کام کرنے میں مدد ملے گی، جس سے قومی خزانے میں اضافے اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جا سکے گا۔

ایف بی آر نے ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں تبدیلیوں کا اعلان کر دیا
Shares: