اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں مخصوص تبدیلیاں وزیراعظم کی منظوری سے ادارے کے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کی گئی ہیں، جس کا مقصد کسٹمز کے اندرونی نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانا ہے۔ایف بی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (کسٹمز) کا مینڈیٹ اور فرائض جوں کے توں برقرار رہیں گے۔ اس ضمن میں تنظیم نو کا بنیادی مقصد کسٹمز کے شعبے میں موجود دوہرے کردار کو ختم کرنا ہے۔ ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت غیر ضروری علاقائی دفاتر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ان علاقوں میں صرف وہی دفاتر برقرار رکھے جائیں گے جنہیں ناگزیر سمجھا گیا ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسٹمز کی جانب سے اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، اور ضبط شدہ سامان کی مالیت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس کامیابی کے نتیجے میں محصولات کی وصولی میں ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔ایف بی آر کے مطابق، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز نے محدود وسائل کے باوجود بہترین نتائج فراہم کیے ہیں۔ اب انہیں اہم ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے، جو کہ مستقبل میں اسمگلنگ روکنے اور محصولات بڑھانے کے لئے معاون ثابت ہو گی۔ یہ تبدیلیاں وزیراعظم کی منظوری سے لائی گئی ہیں، اور اس کا مقصد ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے کارکردگی میں مزید بہتری لانا ہے تاکہ قومی خزانے کو بہتر طور پر محفوظ کیا جا سکے اور اسمگلنگ جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

Shares: