کوئٹہ،فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کے 68ویں لیڈیز بیچ کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 89 لیڈیز سولجرز نے تربیت مکمل کی۔ ان تمام لیڈیز کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے، ان مقامی بلوچ لیڈیز کی شمولیت، ایف سی بلوچستان نارتھ میں مقامی خواتین کی بڑھتی ہوئی نمائندگی اور اعتماد کا مظہر ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر 12 کور لیفٹینینٹ جنرل راحت نسیم احمد خان تھے – آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عاطف مجتبٰی نے ان کا استقبال کیا ،مہمانِ خصوصی نے کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والی تمام لیڈیز سولجرز اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دی اور اپنے خطاب میں کہا، "تمام لیڈیز سولجرز کو فخر ہونا چاہیے کہ وہ ایف سی بلوچستان (نارتھ) جیسے باوقار ادارے کا حصہ بن رہی ہیں، جو اپنی شاندار روایات، قربانی اور بہادری کے لیے جانا جاتا ہے۔”تمام لیڈیز سولجرز بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں اور خواتین کے لیے ایک عظیم مثال ہیں ،پاسنگ آؤٹ پریڈ میں قبائلی عمائدین، مقامی شخصیات، معزز مہمانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بھرپور شرکت نے ایف سی اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کو مزید تقویت دی۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لیڈیز سولجرز میں خصوصی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔









