فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر ایس ایچ او عبداللہ جلال کی مدعیت میں درج ہوئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دہشت گردوں نے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور سرکاری املاک کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ایف آئی آر کے مطابق 3 دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا، ایک دہشت گرد نے مین گیٹ پر پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ 2 حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے۔رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے 27 سے زائد گولیوں کے خول برآمد ہوئے، سیکیورٹی فورسز نے دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا تھا۔گزشتہ روز ہونیوالے حملے میں تینوں دہشت گرد مارے گئے تھے، حملے کے نتیجے میں ایف سی کے 3 جوان شہید جبکہ 11 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔








