پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے 28 سے 31 جولائی کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کے پانچویں اسپیل کی پیش گوئی کر دی ہے، جس کے نتیجے میں دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی جبکہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاءالدین، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، گوجرانوالہ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں بارشیں متوقع ہیں۔29 سے 31 جولائی کے درمیان ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفر گڑھ اور راجن پور میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کی صورت حال سے متعلق الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق تربیلا پر پانی کی آمد 3 لاکھ 9 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 66 ہزار کیوسک،تونسہ پر پانی کی آمد 4 لاکھ 47 ہزار اور اخراج 4 لاکھ 41 ہزار کیوسک،کالاباغ پر پانی کی آمد 3 لاکھ اور اخراج 2 لاکھ 93 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ پر پانی کی آمد 3 لاکھ 72 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 57 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں اس وقت پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ فی الحال نارمل ہے لیکن آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سطح آب میں اضافہ متوقع ہے۔
اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس،دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ پر اتفاق
غزہ میں بھوک کو جنگی ہتھیار بنانے پر دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے
خاتون کو بلیک میل، ملزم کو 3 سال قید، 4 لاکھ ہرجانے کا حکم