اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ اور کشتی حادثات میں ملوث ایف آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی قیادت میں ایف آئی اے نے ان اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 13 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ایف آئی اے کی ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر نے حال ہی میں ایف آئی اے کے مرکزی دفتر میں ایک اردلی روم کا انعقاد کیا جس میں کشتی حادثات میں ملوث ایف آئی اے کے 49 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائیوں پر سماعت کی گئی۔ اس اجلاس میں 4 انسپکٹرز، 10 سب انسپکٹرز، 2 اے ایس آئی، 5 ہیڈ کانسٹیبلز اور 14 کانسٹیبلز کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے اردلی روم کے دوران کہا کہ "کشتی حادثات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائیاں نہ صرف ادارے کی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے ضروری ہیں بلکہ ان افراد کے خلاف سخت ترین اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جو معصوم شہریوں کے ساتھ بدسلوکی یا استحصال میں ملوث ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "ایف آئی اے میں غفلت اور لاپروائی برتنے والے اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔”ڈی جی ایف آئی اے نے واضح کیا کہ "محکمانہ احتساب کا مقصد ادارے کو کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ہے۔” انہوں نے کہا کہ ادارے میں احتسابی عمل ہی انسانی سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ممکن بنائے گا۔
"غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ معصوم شہریوں کے استحصال میں ملوث اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اور غفلت برتنے والے افسران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی،” ڈی جی ایف آئی اے نے کہا۔
دریں اثناء، ایف آئی اے نے اس بات کا عہد کیا ہے کہ وہ انسانی سمگلنگ کے خلاف اپنے اقدامات کو مزید تیز کرے گا اور ادارے کے تمام اہلکاروں کی کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدگی سے احتسابی عمل جاری رکھے گا۔ ان کارروائیوں سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ایف آئی اے میں کرپشن یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے والے اہلکاروں کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ کشتی حادثات کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کئی ایف آئی اے اہلکار انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حمل کے معاملات میں ملوث تھے، جس پر وزیراعظم پاکستان نے فوری کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
خواتین کیلیے خوشخبری،بینظیر کفالت سہہ ماہی قسط کی رقم بڑھا دی گئی
اداکارہ سلمیٰ ظفر عاصم نے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت کیوں دی ؟