سیالکوٹ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 12 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن سیل نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کو آف لوڈ کرکے حراست میں لیا۔ گرفتار مسافر یوگنڈا سے لیبیا اور پھر وہاں سے یورپ جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے پاسپورٹ پر یوگنڈا کے ویزے درج تھے اور وہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سے ہے جبکہ اوکاڑہ اور پاکپتن کے رہائشی بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے بیان کی روشنی میں ایجنٹوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ غیرقانونی انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔

Shares: