قاہرہ:فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جُرأت، نے عرب جمہوریہ مصر کے صدر عزت مآب عبدالفتاح السیسی سے صدارتی محل، قاہرہ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مصری قیادت کے کلیدی کردار کو سراہا، جبکہ صدر السیسی نے عالمی اور مسلم امہ کے اہم معاملات میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی اسٹریٹجک مفادات کے امور پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی مشترکہ تاریخ اور تعاون کے نئے امکانات کا بھی اعتراف کیا گیا، خاص طور پر سماجی و اقتصادی شعبوں، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی کے میدان میں تعلقات کے فروغ پر اتفاق ہوا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں جانب سے اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اقتصادی و سلامتی مکالمہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔








