35ویں نیشنل گیمز کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

6 سے 13 دسمبر تک جاری رہنے والے نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھےفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 35ویں نیشنل گیمز کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے 36ویں نیشنل گیمز کی میزبانی پنجاب کے سپرد کی، اس موقع پر نیشنل گیمز کا جھنڈا پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی تقریب میں شرکت پر ہم ان کے مشکور ہیں اور 35ویں نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد پر خوشی ہے سندھ کو نیشنل گیمز کے انعقاد پر فخر ہے، نیشنل گیمز قومی وحدت، اتحاد اور ہم آہنگی کی علامت ہیں، مئی 2025 میں پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو شکست دی اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو پسپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی تھی، کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ پاکستانی کسی سے کم نہیں، اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے اپنی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا۔

تقریب کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو روایتی سندھی اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی اور اعزازی شیلڈ پیش کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بہترین کارکردگی پر پاکستان پولیس کو شیلڈ دی جبکہ بلاول بھٹو نے نمایاں کارکردگی پر صوبہ پنجاب کو اسپیشل ٹرافی سے نوازا۔

قائد اعظم ٹرافی نیشنل گیمز کی فاتح پاکستان آرمی کے نام رہی، جسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ٹرافی پیش کی۔ پاکستان آرمی نے 25ویں بار ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور 196 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،واپڈا 84 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی اور اسے رنر اپ ٹرافی دی گئی، جبکہ پاکستان نیوی 36 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، بہترین کارکردگی پر پاکستان نیوی کو ٹرافی عطا کی گئی جو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیش کی،نیشنل ریکارڈ قائم کرنے پر رول آف آنر ٹرافی حمزہ آصف کے نام رہی۔

Shares: