ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) پولیس نے ایک بار پھر خوارجی دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ لکھانی چیک پوسٹ پر رواں ماہ کا پانچواں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، خیبر پختونخوا (کے پی کے) کے بارڈر پر واقع لکھانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے سحری کے وقت 10 سے 12 خوارجی دہشت گردوں نے تین اطراف سے حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحہ استعمال کیا۔
جوانوں کے الرٹ ہونے کی وجہ سے تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی بروقت نشاندہی کر لی گئی۔ پولیس کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب نہیں پہنچ سکے۔ دو گھنٹے تک مقابلہ جاری رہنے کے بعد دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق سرحدی چوکی لکھانی پر یہ رواں ماہ میں پانچواں بڑا حملہ پسپا کیا گیا۔
آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی مکمل کمانڈ کی جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیرِ کمانڈ کیو آر ایف ٹیمیں بروقت لکھانی چوکی پہنچیں۔ سرحدی علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے والے جوانوں کو شاباش دی۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے کہا کہ خوارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ پنجاب پولیس ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ پولیس فورس کا مورال بلند ہے اور دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔ ہم دہشت گردوں کے ہر وار کا بھرپور جواب دیں گے۔
ڈیرہ غازی خان: لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا پانچواں حملہ بھی ناکام
