سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائنل ڈگری شو، تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ،ڈپٹی کمشنر صبا اصغر کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت، طالبات کے کام کو سراہا گیا

گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شعبہ فائن آرٹس اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن کا سالانہ فائنل ڈگری شو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں طالبات نے اپنی فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محترمہ صبا اصغر علی تھیں، جنہوں نے طالبات کے فن پاروں کا معائنہ کیا اور اُن کی تخلیقی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی طالبات میں بین الاقوامی معیار کی مہارت اور وژن موجود ہے، جو خوش آئند ہے۔

ٹیکسٹائل ڈیزائن کی طالبات نے کپڑوں پر قدیم و جدید طرز کے امتزاج سے متاثرکن ڈیزائن پیش کیے، جبکہ فائن آرٹس کی طالبات نے کینوس پر رنگوں سے ایسی تخلیقات تخلیق کیں جنہوں نے شرکاء کو متاثر کیے بغیر نہ چھوڑا۔ شو میں جدت، ثقافت اور تخیل کی حسین جھلک نمایاں تھی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اس موقع پر چئیرپرسن رضا رحمان، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی فنی شعبوں میں طالبات کو مستقبل میں بھی تمام تر سہولیات مہیا کرے گی تاکہ وہ اپنے فن کو مزید نکھار سکیں۔

یہ ڈگری شو طالبات کی لگن، تخلیقی ذوق اور فنی استعداد کا عکاس تھا جو شرکاء کے لیے ایک یادگار تجربہ بن کر ابھرا۔

Shares: