وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ای سی سی کا اجلاس کل طلب کرلیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس کل طلب کرلیا،اطلاعات ہیں کہ اس حوالے سے ای سی سی کے کل ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق ای سی سی کے اجلاس میں 3لاکھ ٹن درآمدی گندم کی تقسیم کے طریقہ کار اور درآمدی گندم گوادر پورٹ پرلانےکے انتظامات کی سمری پر غور کیا جائےگا۔
اجلاس میں درآمدی یوریا کھاد کی قیمت سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، وزارت ہاؤسنگ کے لیے 2 ارب روپےکی گرانٹ پر بھی غور کیا جائےگا۔اجلاس میں کے الیکٹرک کے بجلی کے ریٹ سے متعلق سمری پر بھی بات ہوگی۔
اس سے پہلے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا دورہ کیا، رواں مالی سال ٹیکس وصولی پر بریفنگ لی اور ٹیکس وصولی مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے بریفنگ میں بتایا کہ ایف بی آر نے جولائی اور اگست کا ٹیکس ہدف حاصل کرلیا ہے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کا ٹیکس ہدف بھی حاصل کرلیں گے۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث درآمدات اور معاشی سرگرمیوں میں کمی کے باوجود ٹیکس ہدف حاصل کیا، پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس نہ ہونےکے باوجود ٹیکس ہدف حاصل کیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو معاشی صورت حال میں تبدیلی کے ساتھ ایڈجسٹ ہونےکی ہدایت کرتے ہوئے ٹیکس وصولی مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو 15 فیصد تک لے جایا جاسکتا ہے۔