وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں چین کے نائب وزیرِ خزانہ لیاؤ مِن سے ملاقات کی۔ملاقات میں اقتصادی اصلاحات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے چینی ہم منصب کو حال ہی میں آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے سٹاف لیول معاہدے کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے سٹاف لیول ایگریمنٹ کو حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے پر عالمی اعتماد اور بیرونی توثیق قرار دیا۔وزیر خزانہ نے چینی منڈی میں پانڈا بانڈ کے اجرا ءسے متعلق تازہ پیش رفت بھی شیئر کی۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کی نیو ڈیولپمنٹ بینک میں رکنیت کے لیے چین کی حمایت کی درخواست کی۔وزیر خزانہ نے آئی سی ٹی، زراعت، صنعت اور معدنیات کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے بورڈ میٹنگز کے دوران مکمل تعاون فراہم کرنے پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے دفتر کا شکریہ ادا کیا،وزیر خزانہ نے چینی نائب وزیرِ خزانہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جے پی مورگن انویسٹمنٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے مالیاتی، مانیٹری اور بیرونی شعبوں میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے اسٹاف لیول معاہدے کا ذکر کیا جو ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے دوسرے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے پہلے جائزے سے متعلق ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ملکی معیشت میں بہتر معاشی نظم و نسق، مالیاتی و بیرونی استحکام اور مؤثر اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں مثبت رجحانات کو نمایاں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے معیشت میں استحکام آیا ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے مواقع بہتر ہوئے ہیں۔وزیر خزانہ نے سیمینار میں شریک سرمایہ کاروں کے سوالات کے جوابات بھی دیے اور ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔

Shares: