کراچی: عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج اورجلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں فردوس شمیم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
باغی ٹی وی : کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کےمقدمے کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے فردوس شمیم کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ فردوس شمیم نے لوگوں کو اشتعال دلایا اور اکسایا، رہنماؤں کے ایما پرسرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایاگیا تفتیشی افسر نے فردوس شمیم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیاور تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ ملزم فردوس شمیم نقوی کےخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے شہر میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کردی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے9 مئی کو املاک کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔
انویسٹی گیشن پولیس شرقی نے سی سی ٹی وی اور ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی تلاش تیزکر دی ہےاور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی شناخت کے لیے نادرا سے بھی مدد لی جائے گی پولیس نے ملزمان کی تلاش کیلئے شہریوں سے مدد طلب کر لی ہے، اور کہا ہے کہ ملزمان کی اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔